کراچی…شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ استعمال پر امریکااور برطانیہ نے فوجی کارروائی کے لئے کمر کس لی ، شام اور ایران نے حملے کی صورت میں خطرناک نتائج سے خبردار کردیا۔ ایرانی آرمی چیف مسعودجازیاری نے کہا ہے کہ شام کے معاملے میں امریکا اپنی حدود میں رہے، حملے کی صورت میں امریکا کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، ایران کاکہناہے کہ شام نے اقوام متحدہ کے ماہرین کو کیمیائی ہتھیاروں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، شامی حکومت نے بھی امریکا کو خبر دار کیا ہے کہ اس کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی سے باز رہے۔ اگر حملہ کیا گیا تو جنگ کی آگ سارے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ اس سے قبل جنوب مشرقی ایشیا کے تین روزہ دورے پر ملائشیا پہنچے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل کا کہنا تھا کہ شام کی حکومت کے خلاف فوجی کارروائی کے لئے تیار ہیں ، امریکی بحریہ کے یونٹوں نے شام کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے۔تاہم کارروائی کے لئے صدر اوباما کے فیصلے کا انتظار ہے۔ادھر ڈاوٴننگ اسٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد برطانوی وزیراعظم کیمرون نے بھی شام کو سنگین جواب کی دھمکی دی ہے ، جبکہ برطانیہ کو کینیڈا اور امریکا کو ملائیشیا کا تعاون بھی حاصل ہے،گزشتہ ہفتے شام کی جانب سے مبینہ راکٹ حملے میں زہریلی گیس نے ایک ہی دن میں 1300 افراد کی جان لے لی تھی۔
|
|