|
اسلام آباد … تحریک انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کردیا۔ عمران خان نے کچھ ویڈیوز بطور ثبوت پیش کرتے ہوئے الزام لگایا کہ نگراں حکومت بھی دھاندلی میں ملوث تھی۔ عمران خان نے 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے 2 ہزار 253 صفحات پر مشتمل وائٹ پیپراسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ریٹرننگ افسر نے تو دھاندلی کرانے کا اعتراف بھی کیا ہے جس کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ وائٹ پیپر میں عمران خان کے لاہور کے حلقے سمیت قومی اسمبلی کے 18 اور صوبائی اسمبلیز کے 16 حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے وائٹ پیپر میں دھاندلی کے شواہد کو 3 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی قبل از انتخاب دھاندلی، دوسری الیکشن کے دن دھاندلی اور تیسری بعد از انتخاب دھاندلی۔ عمران خان نے کیپیٹل ٹاک سمیت جیو نیوز اور مختلف چینلزکی فوٹیج بھی بطور ثبوت پیش کیں۔ عمران خان نے کہا کہ ان کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ قومی اسمبلی کے صرف 4 حلقوں میں ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کرائی جائے۔ عمران خان نے کہا عدالت کہتی ہے کہ اس کے پاس 20 ہزار مقدمات ہیں، مگر دھاندلی سے زیادہ کون سا مقدمہ اہم ہو سکتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے ایک بار پھر خبر دار کیا کہ اگر ریٹرننگ اور پریذائیڈنگ افسران نے ضمنی الیکشنز میں دھاندلی کی تو تحریک انصاف سڑکوں پر آ کر زبردست احتجاج کرے گی، اگلے انتخابات میں ہر صورت نیوٹرل امپائر چاہتے ہیں۔
|
|