کوئٹہ…کوئٹہ میں چودہ گھنٹوں کے دوران چار دھماکے، آج صبح کے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 25زخمی ہوگئے،زخمیوں میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے۔کوئٹہ گذشتہ رات سے بم دھماکوں کی زد پر ہے، یہ سلسلہ آج صبح بھی جاری رہا۔آج کا دھماکا کوئٹہ کے سرکی روڈ بڑیچ مارکیٹ کے قریب ہوا،دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔دھماکے میں ایک پولیس اہلکار، ایک بچے اور راہ گیر سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ پچیس افراد زخمی ہوگئے، دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں چھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے،دھماکے کے نیتجے میں ایف سی کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی جبکہ پانچ گاڑیوں اور چار موٹرسائیلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔دھماکے کے بعد ایف سی ، پولیس اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا خیز مواد سائیکل پر نصب کیاگیاتھااور اس میں آئی ای ڈی ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی۔ایس ایس پی آپریشن محمد جعفر کے مطابق دھماکے میں سات سے آٹھ کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیاگیا،جس میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ بھی شامل تھے۔ اس سے قبل گذشتہ رات تین دھماکوں میں دو افراد جاں بحق اورنو زخمی ہوگئے تھے۔عوام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں مسلسل دھماکوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی ہے۔
|
|